ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / مینگلور: وزیر داخلہ امیت شاہ پہنچے پُتور: ٹیپو سلطا ن کی حمایت کرنے پر کانگریس اور جے ڈی ایس کو بنایا نشانہ

مینگلور: وزیر داخلہ امیت شاہ پہنچے پُتور: ٹیپو سلطا ن کی حمایت کرنے پر کانگریس اور جے ڈی ایس کو بنایا نشانہ

Sat, 11 Feb 2023 20:27:02    S.O. News Service

مینگلور:11؍ فروری (ایس اؤ نیوز ) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ  مینگلورکے قریب پُتور میں منعقدہ پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انگریزوں سے لوہا لینے والے شیر میسور حضرت ٹیپو سلطان کے خلاف  کانگریس اور جے ڈی ایس کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا۔

امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس اور جے ڈی ایس دونوں پارٹیاں 18ویں صدی کے میسور کے حکمراں ٹیپو سلطان کی حمایت کرتی ہیں لیکن دونوں پارٹیوں نے کرناٹک کےلئے کچھ نہیں کیا ہے۔ امیت شاہ نے 16ویں صدی کی اُلال کے تلو خاندان کی رانی ابّکّاچوٹا کی جم کر تعریف کی۔ اور عوام سےپوچھا کہ وہ ٹیپو کی حمایت کرنے والوں کو ووٹ دیں گے یا پھر رانی ابکا کی حمایت کرنے والوں کو ؟

انہوں نے پتور میں سنٹرل اریکانٹ اینڈ کوکا مارکیٹنگ پروسسنگ کو آپریٹیو لمیٹیڈ (کیمپکو) کی گولڈن جوبلی تقریب میں شریک ہوکر خطاب کرتے ہوئےکانگریس پر الزام لگایا کہ کانگریس ایک رشوت خور اور بدعنوان پارٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹکاکو گاندھی خاندان کے لئے استعمال کیا تھااور کرناٹک کو گاندھی خاندان کا اے ٹی ایم بنا رکھا تھا۔ امیت شاہ نے اپنی پارٹی بی جےپی کو دیش بھگتوں کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی کی قیادت وزیر اعظم نریندر مودی کررہےہیں۔ انہوں نے عوام سے پوچھا کہ کیا وہ رشوت خور کانگریس کو ووٹ دیں گے یا بی جے پی کو ووٹ دیں گے 

امیت شاہ نے دعویٰ کیا کہ جب بھی یہاں بی جےپی کی حکومت رہی ہے کرناٹک ہمیشہ پھلا پھولاہے۔ امیت شاہ نے کہاکہ ملک بھر کے کسان سابق وزیراعلیٰ یڈیورپا کی کسان پالیسی کو یاد کریں گے جو کسانوں کے لئے بہتر تھی۔ پورا ملک یڈیورپا کو یاد کرے گا کیونکہ انہوں نےاپنی قیادت میں بنگلورو کو بہتر سے بہتر بنایا۔

وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی، وزیر آراگا گیانیندر، وی۔ سنیل کمار، ایس۔ انگارا، ایس ٹی سوما شیکھر، کوٹا سری نواس پجاری، بی ایس۔ یڈی یورپا، ایم پی نلین کمار کٹیل، ایم ایل اے سنجیوا ماتنڈور، وویکانند ودیا وردکا سنگھ کے صدر ڈاکٹر۔ کلڈکا پربھاکر بھٹ اور کیمپکو کے چیئرمین اے کشور کمار کوڈگی موجود تھے۔


Share: